Showing posts with label I==Ibni-i-Inshaa. Show all posts
Showing posts with label I==Ibni-i-Inshaa. Show all posts

Sunday, 26 May 2013

ابن انشا--- پہلا سجدہ


  1.  


    وہ ارمانوں کی اجڑی ہوئی بستی
    پھر آج آباد ہوتی جا رہی ہے
    جہاں سے کاروان شوق گزرے
    نہ جانے کتنی مدت ہو گئی ہے
    پلا تھا صحبت اہل حرم میں
    میں برسوں سے تبستاں آشنا تھا
    بنی لیکن خدا سے نہ بتوں سے
    میں دونوں آستانوں سے خفا تھا
    مگر کچھ اور ہی عالم ہے اب تو
    میں اپنی حیرتوں میں کھو گیا ہوں
    مجسم ہو گئے ہیں حسن و جبروت
    مجھے لینا میں بہکا جا رہا ہوں
    کوئی یزداں ہو بت ہو آدمی ہو
    اضافی قیمتوں سے ماورا ہوں
    میں پہلی بار سجدہ کر رہا ہوں

Wednesday, 22 May 2013

کل چودھویں کی رات تھی شب بھر رہا چرچا تیرا



کل چودھویں کی رات تھی شب بھر رہا چرچا تیرا
کچھ نے کہا یہ چاند ھے کچھ نے کہا چہرا تیرا

ہم بھی وہیں موجود تھے ہم سے بھی سب نے پوچھا کیے
ہم ہنس دیئے ہم چپ رہے منظور تھا پردہ تیرا

اس شہر میں کس سےملیں ہم سےتو چھوٹیں محفلیں
ہر شخص تیرا نام لے، ہر شخص دیوانہ تیرا

تو با وفا، تو مہرباں، ہم اور تجھ سے بد گماں؟
ہم نے تو پوچھا تھا ذرا، یہ وصف کیوں ٹھہرا تیرا

کوچے کو تیرے چھوڑ کر جوگی ھی بن جائیں مگر
جنگل تیرے، پربت تیرے، بستی تیری، صحرا تیرا

ہم پر یہ سختی کی نظر؟ ہم ھیں فقیر رو ہگزر
رستہ کبھی روکا تیرا، دامن کبھی تھاما تیرا

ہاں ہاں تیری صورت حسیں لیکن تو ایسا بھی نہیں
اس شخص کے اشعار سے شہرہ ہوا کیا کیا تیرا

بے درد سننی ھو تو چل کہتا ھے کیا اچھی غزل
عاشق تیرا، رسوا تیرا، شاعر تیرا، انشاء تیرا

ابنِ انشاء

فرض کرو ہم اہلِ وفا ہوں، فرض کرو دیوانے ہوں



فرض کرو ہم اہلِ وفا ہوں، فرض کرو دیوانے ہوں
فرض کرو یہ دونوں باتیں جھوٹی ہوں افسانے ہوں

فرض کرو یہ جی کی بپتا جی سے جوڑ سنائی ہو
فرض کرو ابھی اور ہو اتنی،آدھی ہم نے چھپائی ہو
...
فرض کرو تمھیں خوش کرنے کے ڈھونڈے ہم نے بہانے ہوں
فرض کرو یہ نین تمھارے سچ مچ کے میخانے ہوں

فرض کرو یہ روگ ہو جھوٹا، جھوٹی پیت ہماری ہو
فرض کرو اس پیت کے روگ میں سانس بھی ہم پہ بھاری ہو

فرض کرو یہ جوگ بجوگ کا ہم نے ڈھونگ رچایا ہو
فرض کرو بس یہی حقیقت، باقی سب کچھ مایا ہو

ابنِ انشاء

Tuesday, 21 May 2013

چل انشاء اپنے گاؤں میں




چل انشاء اپنے گاؤں میں

یہاں اُلجھے اُلجھے رُوپ بہت
پر اصلی کم، بہرُوپ بہت
اس پیڑ کے نیچے کیا رُکنا
... جہاں سایہ کم ہو، دُھوپ بہت
چل انشاء اپنے گاؤں میں
بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں

کیوں تیری آنکھ سوالی ہے؟
یہاں ہر اِک بات نرالی ہے
اِس دیس بسیرا مت کرنا
یہاں مُفلس ہونا گالی ہے
چل انشاء اپنے گاؤں میں
بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں

جہاں سچے رشتے یاریوں کے
جہاں گُھونگھٹ زیور ناریوں کے
جہاں جھرنے کومل سُکھ والے
جہاں ساز بجیں بِن تاروں کے
چل انشاء اپنے گاؤں میں
بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں

ابنِ انشاء

یہ بچہ کس کا بچہ ہے؟




یہ بچہ کس کا بچہ ہے؟
یہ بچہ کیسا بچہ ہے
جو ریت پہ تنہا بیٹھا ہے
... نہ اس کے پیٹ میں روٹی ہے
نہ اس کے تن پہ کپڑا ہے
نہ اس کے سر پہ ٹوپی ہے
نہ اس کے پیر میں جوتا ہے
نہ اس کے پاس کھلونے ہیں
کوئی بھالو ہے کوئی گھوڑا ہے
نہ اس کا جی بہلانے کو
کوئی لوری ہے، کوئی جھولا ہے
نہ اس کی جیب میں ڈھیلا ہے
نہ اس کے ہاتھ میں پیسہ ہے
نہ اس کے امی ابو ہیں
نہ اسکی آپا خالہ ہے
یہ سارے جگ میں تنہا ہے
!یہ بچہ کس کا بچہ ہے



Sunday, 19 May 2013

دیکھ ہماری دید کے کارن کیسا قابلِ دید ہوا


دیکھ ہماری دید کے کارن کیسا قابلِ دید ہوا
ایک ستارہ بیٹھے بیٹھے تابش میں خورشید ہوا

آج تو جانی رستہ تکتے، شام کا چاند پدید ہوا
تو نے تو انکار کیا تھا، دل کب ناامید ہوا
...
آن کے اس بیمار کو دیکھے، تجھ کو بھی توفیق ہوئی
لب پر اس کے نام تھا ترا، جب بھی درد شدید ہوا

ہاں اس نے جھلکی دکھلائی، ایک ہی پل کودریچےمیں
جانو اک بجلی لہرائی، عالم ایک شہید ہوا

تو نےہم سےکلام بھی چھوڑا، عرضِ وفا کے سنتے ہی
پہلے کون قریب تھا ہم سے، اب تو اور بعید ہوا

دنیا کے سب کاج چھوڑے، نام پہ ترے انشا نے
اور اسے کیا تھوڑے غم تھا؟ تیرا عشق مزید ہوا

(ابن انشا)

ھے کوئی جو ساھوکار بنے

ھے کوئی جو ساھوکار بنے
(ابن انشا)

جب عمر کی نقدی ختم ہوئی
اب ھم کو ادھار کی حاجت ھے
ھے کوئی جو ساھوکار بنے
ھے کوئی جو دیون ھار بنے
کچھ سال مہینے دن لوگو
پر سود بیاج کے بن لوگو
ھاں اپنی جاں کے خزانے سے
... ھاں عمر کے توشہ خانے سے

کیا کوئی بھی ساھوکار نہیں
کیا کوئی بھی دیون ھار نہیں
جب نام ادھار کاآیا ھے
کیوں سب نے سر کو جھکایا ھے
کچھ کام ھمیں نپٹانے ھیں
جنہیں جاننے والے جانے ھیں
کچھ پیار دلار کے دھندے ھیں
کچھ جگ کے دوسرے پھندے ھیں

ھم مانگتے نہیں ھزار برس
دس پانچ برس دو چار برس
ھاں سود بیاج بھی دیں لیں گے
ھاں اور خراج بھی دیں لیں گے
آسان بنے، دشوار بنے
پر کوئی تو دیون ھار بنے

تم کون ؟ تمھارا نام ھے کیا؟
کچھ ھم سے تم کو کام ھے کا؟
کیوں اس مجمع میں آئی ھو؟
کچھ مانگتی ھو؟ کچھ لائی ھو؟
یہ کاروبار کی باتیں ھیں
یہ نقد ادھار کی باتیں ھیں
ھم بیٹھے ھیں کشکول لیے
سب عمر کی نقدی ختم کیے
گر شعر کے رشتے آئی ھو
تب سمجھو جلد جدائی ھے

اب گیت گیا، سنگیت گیا
ھاں شعر کا موسم بیت گیا
اب پت جھڑ آئی پات گریں
کچھ صبح گریں، کچھ رات گریں
یہ اپنے یار پرانے ھیں
اک عمر سے ھم کو جانے ھیں
ان سب کے پاس ھے مال بہت
ھاں عمر کے ماہ و سال بہت
ان سب کو ھم نے بلایا ھے
اور جھولی کو پھلایا ھے
تم جاؤ، ان سے بات کریں
ھم تم سے نہ ملاقات کریں

کیا پانچ برس؟
کیا اپنی عمر کے پانچ برس؟
تم جاں کی تھیلی لائی ھو؟
کیا پاگل ھو؟ سودائی ھو؟
جب عمر کا آخر آتا ھے
ھر دن صدیاں بن جاتا ھے

جینے کی ھوس ھی نرالی ھے
ھے کون جو اس سے خالی ھے
کیا موت سے پہلے مرنا ھے؟
تم کو تو بہت کچھ کرناھے
پھر تم ھو ھماری کون بھلا
ھاں تم سے ھمارا کیا رشتہ
کیا سود بیاج کا لالچ ھے؟
کسی اور خراج کا لالچ ھے؟
تم سوہنی ھو،من موہنی ھو
تم جا کر پوری عمر جیو
یہ پانچ برس،یہ چار برس
چھن جائیں تو لگیں ھزار برس

سب دوست گئے، سب یار گئے
تھے جتنے ساھوکار گئے
بس ایک ناری بیٹھی ھے
یہ کون ھے،کیاھے،کیسی ھے
ھاں عمر ھمیں درکار بھی ھے
ھاں جینے سے ھمیں پیار بھی ھے

جب مانگیں جیون کی گھڑیاں
گستاخ اکھیاں کتھے جا لڑیاں
ھم قرض تمہیں لوٹا دیں گے
کچھ اور بھی گھڑیاں لا دیں گے
جو ساعت و ماہ سال نہیں
وہ گھڑیاں جن کو زوال نہیں
لو اپنے جی میں اتار لیا
لو ھم نے تم سے ادھار لیا

Saturday, 18 May 2013

"ہم اس پر کچھ نہیں لکھیں گے"


"ہم اس پر کچھ نہیں لکھیں گے"

دل کا تمہارے جو صفحہ ہے
وہ آج بھی بالکل سادہ ہے
اس پر بھی تو لکھا تھا ہم نے
... اک نام کبھی
پیغام کبھی
اشعار کبھی
سرکار کبھی
وہ صفحہ تم نے دھو ڈالا
وہ صفحہ بالکل سادہ ہے
اب کاغز کے اس صفحے کو
کیوں آگے لاکے رکھتی ہو
کیوں نام، پیغام، اشعار لکھیں
ہم لوگ تو جو سرکار لکھیں
اک بار لکھیں

(ابن انشاء)
Related Posts Plugin for WordPress, Blogger...